چنئی،4جولائی(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)تمل ناڈو کی آنجہانی سابق وزیر اعلی جے للتا کے کوڈناڈ اسٹیٹ کے اکاؤنٹنٹ کی مشتبہ حالت میں موت ہو گئی۔منگل کو اکاؤنٹنٹ دنیش کمار((28کی لاش کوٹاگری میں واقع اس کے گھر میں پنکھے سے لٹکی ملی۔پولیس معاملے کی تفتیش کر رہی ہے۔گزشتہ 72دنوں میں کوڈناڈ اسٹیٹ سے منسلک ملازمین کی موت کا یہ تیسرا معاملہ ہے۔پولیس کے مطابق دنیش بنگلے میں تعینات تین اکاؤٹنیٹس میں سے ایک تھا۔پولیس گھریلو مشکلات کے سبب دنیش کے خود کشی کرنے کا بھی خدشہ جتا رہی ہے۔بتاتے چلیں کہ حال ہی میں کوڈناڈ اسٹیٹ کے مینجمنٹ میں ردوبدل ہوا تھا۔دنیش اور کئی ملازمین کو نوکری جانے کا ڈر ستا رہا تھا۔فی الحال پولیس معاملے کی تفتیش کر رہی ہے۔پولیس کو پوسٹ مارٹم رپورٹ کا بھی انتظار ہے۔
24اپریل کو کوڈناڈ اسٹیٹ کے گارڈ اوم بہادر کی مشتبہ حالت میں موت ہو گئی تھی۔گیٹ نمبر 10کے پاس اس کی لاش درخت سے لٹکی ملی تھی۔پولیس کے مطابق کار سے آئے چند بدمعاشوں نے گارڈ کو قتل کیا اور دوسرے گارڈ کرشن بہادر کو زخمی کر دیا تھا۔
اس واردات کے اہم ملزم کنگراج کی 28اپریل کو حادثہ میں موت ہو گئی۔اس کے کچھ ہی گھنٹے بعد اس کے ایک ساتھی کیوی کی کار کیرالہ میں حادثے کا شکار ہو گئی، اس میں اس کی بیوی ونپریا اور بیٹی نیتو کی بھی موت ہو گئی تھی۔تمل ناڈو میں اپوزیشن جماعتوں کے کچھ لیڈروں نے اسے بڑی سازش قرار دیا تھا۔